نئی دہلی،23مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا انتخابات سے پہلے جیسے جیسے انتخابی مہم زور پکڑتی جا رہی ہے ویسے ویسے لیڈروں کی زبانی جنگ بڑھتی جا رہی ہے۔سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے جھوٹ پھیلانے کے معاملے میں بی جے پی آئی ٹی سیل کو انٹرنیٹ ٹریرسٹ سیل قرار دیا۔ساتھ ہی ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ لوگوں کو ہنومان کی ذات کے بارے میں بتائیں۔اکھلیش یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹ پھیلانے میں ماہر ہے۔اس آئی ٹی سیل یعنی انٹرنیٹ ٹریرسٹ سیل جھوٹ پھیلانے کا کام کرتی ہے،ان کے خلاف ایکشن لیا جانا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہلی ایسی حکومت ہے جو جھوٹ پھیلانے کے لئے جانی جاتی ہے،بی جے پی نے ذات پات کی بنیاد پر معاشرے میں نفرت پھیلانے کی کوشش کی لیکن لوگ اب بی جے پی کو جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔عظیم سوشلسٹ لیڈر اور مجاہد آزادی رام منوہر لوہیا کی جینتی پر منعقد پروگرام میں حصہ لینے کے بعد اکھلیش یادو نے کہاکہ ہمیں وہ دن یاد ہے جب لوہیا اور امبیڈکر ملک کو نئی سمت دینا چاہتے تھے۔اسی راہ پر ملائم سنگھ یادو اور کانشی رام نے بھی چلے اور اب میں اور مایاوتی ایسا کر رہے ہیں۔
لوہیا پر وزیر اعظم نریندر مودی کے بلاگ پر لکھے مضمون کے بارے میں اکھلیش یادو نے کہا کہ وزیر اعظم نے لوہیا کو لے کر جو کچھ کہا ہمیں اچھا نہیں لگا،ہمارے پاس ایک طویل ورثہ ہے۔وزیر اعظم نے سوشلزم اور سیکولرازم کے حوالے سے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی قوم پرستی کو لے کر کسی کو سرٹیفکیٹ نہیں دے سکتی۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ ہر سیاسی پارٹی کو اپنی سیکورٹی فورسز کا احترام کرنا چاہئے،اگرچہ پلوامہ حملے میں انٹیلی جنس سطح پر ہوئی غلطی کے بارے میں حکومت کوئی جواب نہیں دے رہی ہے۔وزیر اعظم کو خود کو چوکیدار کہے جانے کے معاملے پر اکھلیش یادو نے کہا کہ پہلے ایک چائے والا اور اب ہمارے پاس ایک چوکیدار ہے،چائے والے کا عہدہ خالی ہے۔اکھلیش یادو نے یو پی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وزیر اعلی اور پروگرام منعقد کریں،وہ جہاں بھی جائیں بھگوان ہنومان کی ذات کے بارے میں لوگوں کو بتائیں،وہ لوگوں کو اقتصادی بحران دور کرنے کے لئے لوگوں سے ہنومان چالسا پڑھنے کو کہیں۔انہوں نے یوگی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی نے گزشتہ 2 سال میں کچھ کام نہیں کیا۔